پاکستان میں 5جی اسپیکٹرم نیلامی 10 مارچ 2026 کو متوقع

پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی کے آغاز کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایکشن ایڈوائزری کمیٹی نے 5جی اسپیکٹرم کی نیلامی 10 مارچ 2026 کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ پہلے طے شدہ 26 فروری کی تاریخ میں ترمیم کے بعد کیا گیا۔
یہ اعلان ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد سامنے آیا جس میں نیلامی کے فریم ورک، ٹائم لائنز اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کی جبکہ آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کی وزیر شزا فاطمہ خواجہ سمیت دیگر حکام بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں اسپیکٹرم کی دستیابی، نیلامی کے ڈیزائن اور طریقہ کار کے مختلف مراحل پر غور کیا گیا۔ حکام نے اس بات پر اتفاق کیا کہ نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق تمام تیاریوں کو بروقت مکمل کیا جائے گا تاکہ شفاف اور مؤثر عمل یقینی بنایا جا سکے۔
نئے روڈ میپ کے مطابق انفارمیشن میمورنڈم 9 جنوری 2026 کو جاری کیا جا چکا ہے جبکہ مشاورتی عمل کو 6 فروری تک بڑھا دیا گیا ہے۔ حتمی انفارمیشن میمورنڈم 13 فروری کو شائع کیا جائے گا اور 16 فروری کو ممکنہ بولی دہندگان کے لیے معلوماتی سیشن رکھا گیا ہے۔

درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 فروری شام 4 بجے مقرر کی گئی ہے، جس کے ساتھ پری بڈ ڈپازٹ بھی لازمی ہوگا۔ اسی روز پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی درخواست گزاروں کی ابتدائی فہرست جاری کرے گی جبکہ اہل امیدواروں کی حتمی فہرست 3 مارچ کو شائع ہوگی۔
نیلامی میں مختلف فریکوئنسی بینڈز شامل ہوں گے جن میں 700، 1800 اور 2100 میگا ہرٹز کے پیئرڈ بینڈز کے علاوہ 2300، 2600 اور 3500 میگا ہرٹز بینڈ بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ مجموعی طور پر تقریباً 597 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق 5جی سروسز کے آغاز سے تیز رفتار انٹرنیٹ، کم لیٹنسی اور جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کو فروغ ملے گا۔ کامیاب بولی دہندگان کو بینک گارنٹیز جمع کرانے کے بعد لائسنس جاری کیے جائیں گے اور اندازہ ہے کہ چھ سے سات ماہ کے اندر تجارتی بنیادوں پر 5جی سروسز شروع ہو سکتی ہیں۔



















